Saturday, July 27, 2024

عمران خان نے پی آئی اے ورکرز کو ہڑتال پر اکسایا : وزیراطلاعات

عمران خان نے پی آئی اے ورکرز کو ہڑتال پر اکسایا : وزیراطلاعات
February 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے پی آئی اے ہڑتالیوں اور کپتان کے گٹھ جوڑ پر خوب دل کی بھڑاس نکالی اور کہا پی آئی اے کو سرکاری تحویل سے نکالنے کے خلاف ہڑتال بلاجواز تھی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پبلک لمیٹڈ کمپنی تبدیل ہو گی تو جہاز کے ٹائر خریدنے کے لیے حکومت کی طرف نہیں دیکھنا پڑے گا اس لیے پی آئی کو سرکاری کنٹرول سے نکال رہے ہیں۔ سہیل بلوچ نے اعتراف کیا کہ وزیر اعظم نے ملازمین کی نوکریوں کے تحفظ اور انہیں مرعات دینے کی یقین دہانی کرائی تھی پھر ہڑتال بلا جواز تھی۔ پرویز رشید نے ایک مرتبہ پھر عمران خان پر تنقید کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا اور کہا کہ خان صاحب ہر معاملے کو مسئلہ بنا دیتے ہیں۔ وہ پی آئی اے ورکرز کو اکسانے کے لیے کراچی گئے تھے حالانکہ میں بھی ڈاکٹرز کو اکسانے کے لیے کے پی کے جا سکتا ہوں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مئیر اور ڈپٹی مئیر کے معاملے پر تحریک انصاف کا عدالت سے رجوع بدنیتی پر مبنی ہو گا۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنی بات کرنے کا حق ہے۔