عمران خان نے مسئلہ کشمیر اجاگر کیا، آج دنیا میں کشمیر کی گونج ہے ، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا عمران خان نے مسئلہ کشمیر اجاگر کیا۔ آج دنیا میں کشمیر کی گونج ہے۔
شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا 27 ستمبر کو اقوام متحدہ میں عمران خان کشمیر کی آواز پیش کریں گے۔ بھارت اس آڑ میں بیٹھا ہے کوئی نہ کوئی چیز اچھالے۔ سکیورٹی کونسل میں بھارت کو سبکی ہوئی۔ بھارت آج منہ دکھانے کے قابل نہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کل چار امریکی سینیٹرز نے ٹرمپ کو خط لکھا۔ امریکی سینیٹرز کا کہنا ہے کشمیر کا مسئلہ سنگین ہے۔ ٹرمپ مداخلت کریں۔
وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں کہا پیپلزپارٹی کے چیئرمین سندھ کارڈ استعمال کریں یہ مناسب نہیں۔ دنیا کشمیر کے بارے میں فکر مند ہے، آپ پروڈکشن آرڈرز کے بارے میں فکر مند ہیں۔