Thursday, September 29, 2022

عمران خان نے اچھی گیم کھیلی‘ گرفتاری پر جیت کا شور مچائیں گے : اپوزیشن لیڈر

عمران خان نے اچھی گیم کھیلی‘ گرفتاری پر جیت کا شور مچائیں گے : اپوزیشن لیڈر
سکھر (92نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے پیش کردہ چار نکات پر گفتگو کی جائے تو حکومت سے ضرور مذاکرات ہونگے۔ جمہوری لوگ ہیں۔ مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔ اسلام آباد کو بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ عمران خان نے اچھی گیم کھیلی۔ اگر گرفتار ہوئے تو کہیں گے کہ وہ جیت گئے۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں نیوز کانفرنس کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ بلاول کے پیش کردہ نکات پر گفتگو کی جائے تو حکومت سے بات ہو سکتی ہے۔ اسحاق ڈار بھی ملنا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد کو بند کرنے کے حق میں نہیں۔ یہ غیرآئینی اور غیرقانونی ہے لیکن احتجاج ضرور ہونا چاہیے۔ خورشید شاہ نے کہا عمران خان نے اچھی گیم کھیلی ہے۔ اگر وہ گرفتار ہو گئے تو کہیں گے کہ ہم جیت گئے۔ دھرنے کے علاوہ بھی بہت سی آپشنز ہیں۔ عمران خان کی پالیسیوں سے حکومت اور مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ نون کی حکومت روزگار چھیننے والی حکومت ہے۔ یہ لوگ عوام کا کچھ بھلا نہیں سوچتے۔ یہ سارا ڈگڈگی کھیل ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ الیکشن میں پیپلز پارٹی پنجاب سے بھی سرپرائز دے گی۔ بلاول کے ایجنڈے کو پذیرائی مل رہی ہے۔ پیپلز پارٹی ڈبل گیم نہیں کھیلتی۔