Sunday, September 15, 2024

عمران خان نے امریکا کو للکارا اور اڈے دینے سے انکار کیا، مراد سعید

عمران خان نے امریکا کو للکارا اور اڈے دینے سے انکار کیا، مراد سعید
July 15, 2021

مظفرآباد (92 نیوز) وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا، عمران خان نے امریکا کو للکارا اور اڈے دینے سے انکار کیا، دنیا کے سامنے کشمیر کا مقدمہ لڑا۔

مراد سعید نے آزادکشمیر میں خطاب کرتے ہوئے کہا، عمران خان نے امریکا کو للکارا تو بلاول سیدھا اپنی سی وی لیکر امریکا پہنچ گیا، کرپشن بچانے کے لئے کہتے ہیں گلا خراب ہے، پیٹ خراب ہے۔ لندن جا کر پیزے اوربرگر کھا رہے ہیں، لندن دوائی لینے گئے تھے لیکن واپس نہیں آئے۔

اُنہوں نے کہا، کس نے کہا تھا کہ میں کشمیر کا سفیر بنوں گا، عمران خان نے نہ صرف کہا بلکہ اقوام متحدہ اور دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کاز کا مقدمہ لڑا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا بھارتی کون ہوتے ہیں کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ کرنے والے، کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ کشمیری خود کریں گے، یہ کشمیر کا فیصلہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، آزاد کشمیر میں تمام وسائل ن لیگ کے نیچے ہیں، یہاں عوام کے لئے ان لوگوں نے کچھ نہیں کیا، اب بھی آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت ہے۔ دھاندلی کا شور مچانےوالوں کو اپنی ہار نظر آگئی ہے۔ یہ دونوں ابو بچاؤ تحریک لے کر آئے ہیں۔

وفاقی وزیر بولے کہ، مراد علی شاہ پاکستان کو بھی سندھ بنانا چاہتا ہے، پاکستان میں سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے، قائد کے شہر کو انہوں نے کچڑے کا ڈھیر بنا دیا۔ زرداری کی حرام کی کمائی سے ان کی پرورش ہوئی ہے، 2023ء میں سندھ بھی بدلے گا، جب بھی فرزند زرداری کہتا ہوں یہ میرے اوپر ٹوٹ پڑتے ہیں۔

مراد سعید نے مزید کہا، دو بچے ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں، 25 جولائی کو آزاد کشمیر سے پی ٹی آئی جیتے گی، آزاد کشمیر کے الیکشن میں دو تہائی اکثریت حاصل کریں گے۔ گلگت بلتستان میں جیت کر تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا۔ آزاد کشمیر میں بھی جیت کر کام کریں گے۔