Saturday, July 27, 2024

عمران خان ذہنی مریض‘ علاج کیلئے اپنی تنخواہ عطیہ کر سکتا ہوں: وزیر مملکت

عمران خان ذہنی مریض‘ علاج کیلئے اپنی تنخواہ عطیہ کر سکتا ہوں: وزیر مملکت
February 3, 2016
حیدرآباد (92نیوز) وزیر مملکت عابد شیر علی نے عمران خان کو ذہنی مریض قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے علاج کیلئے وہ اپنی قومی اسمبلی کی تنخواہ عطیہ کر سکتے ہیں‘ چندہ جمع کرنا پڑا تو وہ بھی کریں گے‘ کپتان کے دماغ میں ایک چپ ڈالیں گے جس سے یا تو ذہن ریورس ہو جائے گا یا پھر ٹھیک ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ میں ان کے علاج کے لئے اپنی پوری تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کرتا ہوں اگر ان کے علاج کے لئے مزید رقم کی ضرورت پڑی تو چندہ بھی اکٹھا کروں گا۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سب سے زیادہ غصہ وزیراعلی پنجاب پر ہے‘ اس لئے کہ وزیر اعلی پنجاب کام کرا رہے ہیں۔ عمران خان ذہنی مریض ہوچکے ہیں‘ ان کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ میں ان کے علاج کے لئے اپنی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ اگر ضرورت پڑی تو چندہ بھی اکٹھا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایک چپ ہے جو میں عمران خان کے دماغ میں ڈالوں گا یا تو ان کا میٹر ریورس ہوجائے گا یا پھر کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو ہر سال اربوں روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے۔ پی آئی اے میں جہاں ایک بندے کی ضرورت ہے وہاں 30 افراد کام کر رہے ہیں۔ ماضی میں پی آئی اے میں چہیتوں کو بھرتی کیا گیا جو کام کے بجائے غنڈہ گردی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اداروں کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تاکہ انہیں سبسڈی نہ دینا پڑے۔ عابد شیر علی نے ایک مرتبہ پھر لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ مارچ 2018ءتک ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی۔