Tuesday, September 27, 2022

عمران خان الزامات لگا کر چائے کی پیالی میں وقتی طورپر طوفان برپا کرسکتے ہیں : حمزہ شہباز

عمران خان الزامات لگا کر چائے کی پیالی میں وقتی طورپر طوفان برپا کرسکتے ہیں : حمزہ شہباز
لاہور(92نیوز)مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف  کا کہنا ہے کہ عمران خان الزامات لگا کرصرف چائے کی پیالی میں وقتی طور پر طوفان برپا کر سکتے ہیں لیکن حقائق سامنے آنے پر بھاگ جاتے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق لاہور میں یوم تکبیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہبازنے کہا کہ عمران خان کے ایک طرف کروڑوں روپے کے قرض معاف کرانے والے جہانگیر ترین جبکہ دوسری طرف قبضہ مافیا علیم خان کھڑے ہوتے ہیں  یہ الزام تراشیوں کی سیاست کرنے والے ہمیں بھاشن نہ دیں۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ عمران خان الزام تو لگا سکتے ہیں لیکن ثابت نہیں کر سکتے۔ آف شور کمپنی کے گاڈفادر بتائیں کہ کیا احتساب صرف نوازشریف کا ہونا چاہیے کپتان اور ان کے بغل بچوں کا نہیں۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ قوم سے جھوٹے وعدے کیے انتخابی دھاندلی کے حوالے سے ان کا موقف جوڈیشل کمیشن نے جھوٹا ثابت کیااور اب بھی یہ کرپشن کی تحقیقات سے بھاگ رہے ہیں۔