Saturday, July 27, 2024

علیم خان کی ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد

علیم خان کی ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد
February 1, 2016
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن نے این اے 122 کا ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف کو ووٹوں کی منتقلی کے ریکارڈ تک رسائی کی اجازت دے دی۔ تحریک انصاف کے رہنما شعیب صدیقی نے فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے 122 ووٹ ٹرانسفر کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ انتخاب کالعدم قرار دینا کمیشن کا اختیار نہیں۔ درخواست گزار علیم خان الیکشن کمیشن ٹربیونل سے رجوع کریں۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ 60 روز کا وقت گزر چکا ہے اب اس کیس کی مزید سماعت الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار نہیں۔ الیکشن کمیشن کے پانچ نکاتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 19 اے کے تحت تحریک انصاف کو ووٹ منتقلی کے ریکارڈ کے معائنہ کی اجازت ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ فیصلہ سے مطمئن نہیں‘ سپریم کورٹ جائیں گے۔ ن لیگ کے طلال چوہدری نے اس موقعے پر کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان دھاندلی کا شور اور میں نہ مانوں کی پالیسی بند کریں۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار علیم خان کی جانب سے ±جمع کرائے جانے والے کچھ بیان حلفی غلط ہیں جن پر کمیشن نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا ہے جو ٹربیونل کے فیصلے کے بعد سنایا جائے گا۔