عظیم باکسر محمد علی قلے کو مداحوں سے بچھڑے دو سال ہو گئے
نیو یارک ( 92 نیوز) باکسنگ کی دنیا کے سب سے بڑے نام محمد علی قلے باکسر کو اپنے مداحوں سے بچھڑے دو سال ہو گئے ہیں ، محمد علی کے پرستار آج ان کی دوسری برسی منا رہے ہیں ۔ مخالفین کے چھکے چھڑانے والے باکسر نے کیرئیر میں 61مقابلوں میں سے56 میں فتح کا جھنڈا گاڑا، لیجنڈ باکسر نے 37 مقابلوں میں حریفوں کو ناک آؤٹ بھی کیا ۔
ہیوی ویٹ باکسنگ کی دنیا میں بڑے بڑوں کو مات دینے والے باکسر نے صرف 22 برس کی عمر میں سونی لسٹن جیسے نامور کھلاڑی کو ہرا کر عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن شپ جیتی۔
محمد علی مجموعی طور پر 61 مقابلوں میں میدان میں اترے جن میں سے 56 مقابلوں میں فتح سمیٹی جب کہ 37 مقابلوں میں حریفوں کو ناک آؤٹ کیا اور صرف پانچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کے مشہور ترین مقابلوں میں جو فریزیئر اور جارج فورمین کے خلاف لڑائیاں شامل ہیں،بی بی سی ٹیلیویژن اور امریکی رسالے سپورٹس السٹریٹڈ نے انہیں صدی کا عظیم کھلاڑی قرار دیا ۔
اپنے باکسنگ کیریئر کے عروج پر محمد علی نے اسلام قبول کیا، انکی بیٹی لیلیٰ بھی باکسر رہ چکی ہیں،باکسر محمد علی نے 1964 ، 1974 اور 1978 میں عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
باکسنگ رنگ میں اپنے مکوں سے مخالف کے چھکے چھڑانے والے عظیم باکسر نے تقریباً ایک عشرے تک رعشے کی بیماری کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور تین جون 2016 راہی ملک عدم ہوئے۔