Saturday, July 27, 2024

عطاء الحق قاسمی کو پی ٹی وی کی چیئرمینی گلے پڑ گئی

عطاء الحق قاسمی کو پی ٹی وی کی چیئرمینی گلے پڑ گئی
February 2, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) عطاء الحق قاسمی کو پی ٹی وی کی چیئرمینی گلے پڑ گئی ۔ سپریم کورٹ نے تقرری پر پرویزرشید اور فواد حسن فواد کو طلب کر لیا ۔
عطاء الحق قاسمی کی بطور چیئرمین پی ٹی وی تقرری کے معاملے میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔
چیف جسٹس کے استفسار پر سیکرٹری اطلاعات احمد نفیس سکھیرا نے بتایا کہ عطاء الحق قاسمی کو 2 سال میں 27 کروڑ 80 لاکھ روپے تنخواہ و مراعات کی مد میں دیئے گئے ۔
اس پر چیف جسٹس نے پھر استفسار کیا کہ رقم کا دین دار کون ہو گا ؟؟ ۔ غریب ملک ہے ۔ ٹیکس ادا کرنے والوں کا پیسہ ہے ۔ ایسے کیسے بانٹ دیا ؟؟ ۔ عدالت کو تو یہ سارا ڈرامہ لگتا ہے ۔ پھر کہتے ہیں عدلیہ متحرک نہ ہو ۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ثابت ہو گیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے غلط تعیناتی کی تو رقم ان کے ساتھ ساتھ عطاء الحق قاسمی کو دینا ہو گی ۔ اگر سمری پر دستخط نوازشریف نے کئے تو انہیں بھی بلا سکتے ہیں ۔
عدالت نے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید ، سابق ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات صباء محسن اور عطاء الحق قاسمی کو طلب کرتے ہوئے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی ۔