Saturday, July 27, 2024

عزیر بلوچ کیس : وزیراعلیٰ سندھ پی پی رہنماﺅں کو بچانے کیلئے میدان میں کود پڑے

عزیر بلوچ کیس : وزیراعلیٰ سندھ پی پی رہنماﺅں کو بچانے کیلئے میدان میں کود پڑے
April 30, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی آپریشن کے کپتان وزیراعلیٰ سندھ بدنام زمانہ گینگ وار دہشت گرد اور خطرناک جاسوس عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی کے سیاسی حصے کی تیاری میں رکاوٹ بن گئے۔ لیاری ڈان کی جرائم پرمبنی جے آئی ٹی منظر عام پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق ایک سو اٹھانوے افراد کے قاتل‘ ملک دشمن سرگرمیوں‘ منشیات فروشی‘ بھتہ خوری‘ اغوا برائے تاوان سمیت سنگین جرائم میں ملوث لیاری ڈان عزیر جان بلوچ کی جے آئی ٹی کے سیاسی حصے کی تکمیل میں رکاوٹ کوئی اور نہیں وزیر اعلی سید قائم علی شاہ خود ہیں۔ ذرائع کے مطابق عزیر جان بلوچ کی جے آئی ٹی کے سیاسی حصے میں پیپلزپارٹی کی اعلی ترین قیادت سے لے کر درمیانی سطح کی قیادت کے ناموں کو رپورٹ کا حصہ بنانے سے روکنے کے لئے وڈے سائیں نے پولیس افسران کو دستخط نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جے آئی ٹی کے سیاسی اور سماجی حصے میں پیپلز پارٹی کے ملک اور بیرون ملک مقیم اعلی ترین رہنماوں کے علاوہ قادر پٹیل، اویس مظفر ٹپی، منظور وسان، ذوالفقار مرزا، سینیٹرز یوسف بلوچ ، عبداللہ بلوچ، شرجیل میمن، جاوید ناگوری اور ثانیہ ناز کے نام شامل ہیں۔ نائنٹی ٹو کے ذرائع کے مطابق عزیر جان بلوچ کی سیاسی اور سماجی حصے پر مشتمل جے آئی ٹی پر صرف انٹیلی جنس بیورو نے دستخط کئے ہیں۔