عرب ممالک نے یمن میں فضائی حملے بند کرنے کا اعلان کر دیا، فیصلہ یمنی حکومت کی درخواست پر کیا گیا

یمن (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی زیر قیادت عرب ممالک نے یمن میں فضائی حملے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی عرب کے فوجی ترجمان جنرل احمد العسیری نے کہا ہے کہ آپریشن ختم کرنے کا فیصلہ یمنی حکومت کی درخواست پر کیا گیا۔
یمن میں حوثی باغیو ں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فوج کیخلاف فضائی کارروائی چار ہفتے جاری رہی جس میں 944 افراد ہلاک اور 3487 افراد زخمی ہوئے جبکہ سعودی فضائی حملوں میں حوثی باغیوں اور علی عبداللہ صالح کی حامی فوج کے ٹھکانے اور کیمپوں کے علاوہ بھاری اسلحہ اور بیلسٹک میزائل تباہ کر دیئے گئے۔
جنرل احمد نے کہا یمن میں فوجی آپریشن کامیاب رہا تاہم یمن کا بحری محاصرہ اور حوثی باغیوں کے ٹھکانوں اور نقل وحرکت پر نظر رکھی جائیگی۔ عرب اتحاد کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے اگلے مرحلے میں سیاسی عمل، امداد کی فراہمی اور دہشت گردی کیخلاف کارروائی شروع کی جائیگی۔
ایران نے یمن میں حملے بند کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ متعلقہ فریقوں کو مسئلہ کے حل کیلئے مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اسے اچھی پیشرفت قرار دیا کہ ایران نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
سعودی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ فضائی حملوں سے سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کی سلامتی کو درپیش خطرات ختم کر دیئے گئے ہیں۔ منگل کے دن کئے گئے دو فضائی حملوں میں چالیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔