لاہور(92نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف تقاریر کرنے کے الزام میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی وزراء سمیت 14 فریقین کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کر دیئے ہیں.
تفصیلات کےمطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید شیخ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی توہین عدالت کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی جس میں نشاندہی کی گئی کہ نواز شریف اور وزراء نے توہین عدالت کی ہے. درخواستگز ار نے یہ موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے اپنی برطرفی کے بعد اسلام آباد سے لاہور تک ریلی کے دوران مختلف مقامات پر عدلیہ مخالف تقاریر کی ہیں درخواست گزار کے مطابق نوازشریف اور وفاقی وزراء نے عدالتی فیصلے پر نکتہ چینی کی. درخواست گزار نے نکتہ اٹھایا کہ نوازشریف اور وفاقی وزراء کی تقاریر توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہیں اوراس طرح نواز شریف سمیت فریقین توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں. درخواستگزار نے استدعا کی کہ نواز شریف اور وفاقی وزراء سمیت 14 فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے. درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ نواز شریف کے اداروں کو نشانہ بنانے پر غداری کے مقدمے پر بھی کارروائی کی جائے.
لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر نواز شریف، خواجہ آُصف، سینیٹر پرویز رشید خواجہ سعد رفیق، دانیال عزیز اور طلال چودھری سمیت 14 فریقین کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کر دیئے ہیں درخواست پر آئندہ سماعت 25 اگست کو ہو گی۔