Saturday, July 27, 2024

عدالتی بیلف نے 98ہندو ہاریوں کو جبری مشقت لینے والے بھٹہ مالک کی قید سے بازیاب کرا لیا، عدالت کے حکم پر گھروں کو لوٹ گئے

عدالتی بیلف نے 98ہندو ہاریوں کو جبری مشقت لینے والے بھٹہ مالک کی قید سے بازیاب کرا لیا، عدالت کے حکم پر گھروں کو لوٹ گئے
May 11, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے بھٹہ مالک کی قید سے بازیاب کرائے گئے 98ہندو ہاریوں کو گھروں میں جانے کی اجازت دے دی، بھٹہ مالک نے گذشتہ چارسال سے حبس بے جا میں رکھا تھا۔ جہلم کے نواحی علاقے میں سرفراز نامی ٹھیکیدار کے بھٹے پر کئی سال سے سندھ سے تعلق رکھنے والے 98ہندو کمیونٹی کے ہاریوں کو حبس بےجا میں رکھ کر ان سے جبری مشقت لی جارہی تھی۔ ہاریوں کے وکیل بیرسٹر دانیال اعجاز کا کہنا ہے کہ ایک مزدور نے بھاگ کر صورتحال سے آگاہ کیا۔ ہاریوں کی بازیابی کےلئے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عاطرمحمود نے بیلف مقرر کیا جس نے چند روز قبل تمام ہاریوں کو بازیاب کرالیا۔ بازیاب کرائے گئے ہاریوں میں خواتین اور کمسن بچے بھی شامل تھے جن کا کہنا تھا کہ انہیں حبس بے جا میں رکھ کر ان سے جبری مشقت لی جارہی تھی۔ بازیاب افراد کو عدالت نے اپنے اپنے گھروں میں جانے کی اجازت دے دی۔ دوسری جانب بھٹہ مالک نے موقف اپنایا کہ اس نے کسی کو حبس بے جا میں نہیں رکھا۔ ان ہاریوں نے ایک کروڑ روپے ایڈوانس لے رکھے تھے جس کے عوض ان سے کام لیا جاتا تھا۔