Thursday, December 1, 2022

عدالتی امپائر پر پی ٹی آئی کے سوا سب کو اعتماد ہے: نون لیگ

عدالتی امپائر پر پی ٹی آئی کے سوا سب کو اعتماد ہے: نون لیگ

اسلام آباد (92نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عدالت وہ امپائر ہے جس پر پی ٹی آئی کے سوا سب کو اعتماد ہے۔ تحریک انصاف فیصلہ کرلے کہ کس پچ پر ہم سے کھیلنا ہے۔ پورے عزم اورتیاری کے ساتھ عدالت آئےہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر طلال چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی والے کہانیاں گھڑنے میں ماہر ہیں۔ آج چار سوال پوچھے گئے لیکن تحریک انصاف نے پھر اپنی روایت برقرار رکھی اور جھوٹ پر جھوٹ بولا۔

انہوں نے کہا جس شخص کے نام کے ساتھ نواز لکھا ہو عمران اس سے خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔ پاناما ثبوت اور ردی کے کاغذوں میں کوئی فرق نہیں۔ ردی کے انبار پر عدالت فیصلہ نہیں کر سکتی۔

طلال چودھری نے کہا میڈیا کے سامنے وکٹری کے نشان بنانے والے عدالت میں خاموش رہتے ہیں۔ تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے والے کو عدالت سے ایک مرتبہ پھر کلین چٹ ملے گی۔ طارق فضل چودھری نے کہا کہ نون لیگ نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے جبکہ تحریک انصاف کا رویہ سب کے سامنے ہے۔ عدالت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور پوری طرح مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا تحریک انصاف عدالت کے منع کیے جانے کے باوجود بیان بازی سے باز نہیں آ تی۔ تحریک انصاف فیصلہ کر لے ہم سے کس پچ پر میچ کھیلنا ہے۔ تحریک انصاف کنفیوژ لوگوں کی جماعت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا تحریک انصاف کوئی جماعت نہیں یہ چوں چوں کا مربہ ہے۔ عدالت وہ ایمپائر ہے جس پر تحریک انصاف کے سوا سب کو اعتماد ہے۔ عمران خان جان لیں کہ عدالتی فیصلہ ان کی خواہش پر نہیں ہو گا۔