Sunday, September 15, 2024

عثمان بزدار سے ایم پی ایز سمیع اللہ چودھری اور اسد کھوکھر کی ملاقات ، جنوبی پنجاب کے ڈویلپمنٹ پروگرام پر بات چیت

عثمان بزدار سے ایم پی ایز سمیع اللہ چودھری اور اسد کھوکھر کی ملاقات ، جنوبی پنجاب کے ڈویلپمنٹ پروگرام پر بات چیت
June 26, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر مراد راس، ایم پی ایز سمیع اللہ چودھری اور اسد کھوکھر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال ، ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی پنجاب کے ڈویلپمنٹ پروگرام پر بات چیت کی گئی۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں نمائشی منصوبوں پر قیمتی وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا گیا۔ یہ منصوبے کل بھی”سفید ہاتھی“ تھے اور آج بھی”سفید ہاتھی“ ہیں۔ ملکی سیاست کو  کرپشن سے آلودہ کرنے والے آج در بدر پھر رہے ہیں ۔ یہ لوگ نشان عبرت بن چکے ہیں۔ ہم نے صوبے میں پائیدار ترقی کی حقیقی بنیاد رکھ دی۔ 560 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام سے ہر ضلع ترقی کرے گا۔

عثمان بزدار نے کہا سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے وسائل پر ڈاکہ ڈال کر غیر منصفانہ اقدام کیا۔ تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی۔

وزیراعلی پنجاب نے سمیع اللہ چودھری کو بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔