Saturday, July 27, 2024

عبدالقادر پٹیل سے چھ گھنٹے تک پوچھ گچھ‘ تفتیش کا پہلا سیشن مکمل

عبدالقادر پٹیل سے چھ گھنٹے تک پوچھ گچھ‘ تفتیش کا پہلا سیشن مکمل
April 14, 2016
کراچی (92نیوز) عبدالقادر پٹیل سے تفتیش کا پہلا سیشن مکمل ہو گیا۔ رینجرز نے انہیں واپس جانے کی اجازت دیدی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل سے رینجرز ہیڈکوارٹرز میں پچھلے چھ گھنٹے سے پوچھ گچھ جاری تھی۔ ان سے کراچی میں اسلحہ لائسنس کے اجرائ‘ عزیر جان بلوچ کے الزامات سے متعلق سوالات کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل سے رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں آج تفتیش کی گئی جو چھ گھنٹے تک جاری رہی۔ دوپہر بارہ بجے سے شروع ہونے والی تفتیش کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں لیاری گینگ وار ڈان عزیر جان بلوچ کی جانب سے لگائے گئے الزامات‘ بحیثیت چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کراچی میں اسلحے لائسنس کے اجرائ‘ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی رہائی کے لیے ضمانت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ چودھری اسلم کی قیادت میں ہونے والے لیاری آپریشن کے بعد سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے بنائی گئی تحفظات کمیٹی سے متعلق بھی سوال ہوئے۔ پوچھا گیا کمیٹی نے گینگ وار کے کارندوں کو کیا مراعات دیں ؟ کن کیسز کی پیروی کی گئی اور لیاری پیکیج میں گینگ وار مافیا کو کتنا حصہ دیا گیا۔ دوپہر بارہ بجے کی جانے والی تفتیش میں تین بجے کھانے کا وقفہ کیا گیا۔ قادر پٹیل کو کھانے میں دال چاول‘ اچار اور روسٹ چکن پیش کیا گیا۔ شام پانچ بجے رینجرز کی روایتی ٹی بریک سے تواضع کی گئی۔ رینجرز ذرائع نے مختلف ٹی وی چینلز پر قادر پٹیل کی طبیعت کی خرابی، گرفتاری، نامعلوم مقام پر منتقلی جیسی خبروں کی سختی سے تردید کی۔ رینجرز نے ان کے چار رکنی سکواڈ اور گاڑی کو بھی ہیڈ کوارٹرز میں رکھا ہوا ہے۔