عام انتخابات 2018 ،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن
اسلام آباد (92 نیوز) کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آج آخری تاریخ ہے۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف امیدواروں کی نامزدگی میں سب سے آگے ہے۔
عام انتخابات 2018 کیلئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے نام فائنل کئے جا رہے ہیں ۔
سیاسی جماعتیں بیشتر حلقوں میں ابھی تک امیدواروں کے نام فائنل نہیں کر سکیں۔
ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ اجلاس میں بھی بڑے فیصلے نہ ہو سکے۔
پیپلزپارٹی بھی کئی حلقوں سے امیدوار نامزد نہیں کر سکی جبکہ ایم کیو ایم داخلی انتشار کا شکار ہے جس کے باعث اکثر حلقوں سے امیدوار غائب ہیں ۔
پاکستان تحریک انصاف امیدواروں کی نامزدگی میں سب سے آگے ہے اور متعدد حلقوں سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں جس کی فیس 100 روپے مقرر ہے ۔
قومی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن قواعد و ضوابط کے مطابق 1 چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں فیس ضبط کر لی جائے گی۔
2013 کی نسبت امیدواروں کے کاغذات نامزدگی سے 19شقیں ختم کر دی گئی ہیں۔ صرف اپنی اہلیہ ،بچوں اور اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کرنے کا پابند ہو گا۔
امیدوار کو ٹیکس تفصیلات اور دہری شہریت سے متعلق نہیں بتانا پڑے گا۔ اثاثہ جات میں ملک اور بیرون ملک جائیداد کی تفصیلات بتانا ہوں گی۔ اثاثہ جات فارم میں بینک اکاؤنٹس اور گاڑیوں کی تفصیلات بتانا ہوں گی۔
عام انتخابات 2018 کے لئےالیکشن کمیشن کو صوبوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات موصول ہو گئیں جس کے مطابق ملک بھر میں 85 ہزار 178 پولنگ سٹیشن قائم ہوں گے ۔
عام انتخابات میں 50 فیصد کے قریب مرد و خواتین کے مشترکہ پولنگ سٹیشن ہوں گے۔
ملک بھر میں مردوں کے لیے 23 ہزار 287 اور خواتین کے لیے 21 ہزار 618 پولنگ سٹیشن بنائے گئے۔