عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں گے، الیکشن کمیشن
اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا جس کے مطابق عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا کی زیر صدارت امن امان کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔
سیکورٹی سے متعلق اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع، ڈی جی ایم او، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز اور آئی جیز نے شرکت کی۔
افتتاحی خطاب کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آرٹیکل دو سو اٹھارہ کے تحت شفاف اور پر امن انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ایگزیکٹو اتھارٹی کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنرز نے پولنگ سٹیشنز سےمتعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کی۔
ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج کے اجلاس میں 2013 کے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا جس کے تحت بیس ہزار سے زائد حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو گی جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج تعینات ہو گی۔
دوران اجلاس الیکشن ایکٹ 233 کے تحت سیکورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا جبکہ صوبائی حکومتوں کو سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اور پولنگ عملے کی سیکورٹی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔