Sunday, November 28, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

عام انتخابات دو ہزار اٹھارہ کے لیے ووٹ کا طریقہ کار جاری

عام انتخابات دو ہزار اٹھارہ کے لیے ووٹ کا طریقہ کار جاری
July 22, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن سر پر آئے تو انتخابی گہما گہمی بھی عروج پر پہنچ گئی۔ عام انتخابات  دو ہزار اٹھارہ کے لیے الیکشن کمیشن نے ووٹ کا طریقہ کار جاری کر دیا۔ شیڈول کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہو کر شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹر پولنگ اسٹیشن پر آنے سے پہلے اپنے ووٹ، پولنگ اسٹیشن اور حلقہ کی 8300 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے تصدیق کر سکتا ہے۔ ووٹر کے لیے اصل شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے۔ ووٹ زائد المعیاد اصل شناختی کارڈ پر ڈالنے کی بھی اجازت ہو گی۔ پولنگ اسٹیشن میں ووٹر باری آنے پر پولنگ افسر کو اپنا شناختی کارڈ دکھائے گا اور سلسلہ نمبر بتائے گا۔ پولنگ افسر ووٹر کا نام لسٹ سے کاٹ کر ووٹر لسٹ پر انگوٹھے کا نشان لگوائے گا جس کے بعد ووٹر کے انگوٹھے  پر انمٹ سیاہی کا نشان لگایا جائے گا۔ اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسر ووٹر کو بیلٹ پیپر دے گا ۔ قومی اسمبلی کا بیلٹ پیپر سبز اور صوبائی اسمبلی کا سفید رنگ کا ہو گا۔ اس کے علاوہ بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے نام اور نشان موجود ہونگے۔ بیلٹ پیپر ملنے کے بعد ووٹر نو خانوں والی مہر سے مقررہ جگہ پر جا کر پسندیدہ امیدوار کے نشان پر مہر لگائے گا جس کے بعد جس رنگ کا بیلٹ پیپر ہوگا اس رنگ کے بیلٹ باکس میں ڈال دے گا۔