Saturday, July 27, 2024

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں
April 18, 2016
کراچی (92نیوز) قطر میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کے اجلاس میں پیداوار کے انجماد پر اتفاق نہ ہونے پر عالمی مارکیٹ میں ہفتے کے پہلے روز فی بیرل تیل کی قیمت ساڑھے چار فیصد گر گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قطر میں ہونے والااجلاس بے نتیجہ رہنے کے چند ہی گھنٹوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں فی بیرل تیل پانچ فیصد تک گھٹ گیا۔ تیل کے تیرہ ممالک کے اجلاس میں توقع کی جا رہی تھی تیل کی پیداوار کو جنوری کی سطح پر منجمد کیا جائے تاکہ اس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہو سکے تاہم تیل کی مارکیٹ میں ایران کے کردار کی وجہ سے پیداوار منجمد کرنے پر اتفاق نہ ہو سکا۔ بارکلے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سعودی عرب اور ایران کے درمیان جغرافیائی سیاست کی جنگ کا خاتمہ نہ ہوا تو تیل کی قیمت گرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مارچ میں اوپیک ممالک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں یومیہ 92 ہزار بیرل تیل کم کر کے پیداوار روزانہ 3 کروڑ 24 لاکھ بیرل تیل پیدا کیا جا رہا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں تیل کی اضافی پیداوار کی صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے جو تیل کی قیمت میں مزیدکمی کا باعث بنے گی۔ قطر کے توانائی کے وزیر محمد بن صالح ال اسد کہتے ہیں کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہمیں اوپیک میں شامل دیگر تیل برآمد کرنے والے ممالک کے بات چیت کے لیے مزید وقت درکار ہے۔