Thursday, January 27, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

عالمی طاقتوں نے حلب کو خاک و خون میں نہلا کر جنگ بندی معاہدہ کر لیا

عالمی طاقتوں نے حلب کو خاک و خون میں نہلا کر جنگ بندی معاہدہ کر لیا
December 15, 2016

حلب (ویب ڈیسک) شام میں خانہ جنگی کے شکار شہر حلب میں شہریوں کے انخلا کے لیے نئے معاہدے کا اعلان کیا گیا ہے۔ باغیوں کا کہنا ہےکہ آج سے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہو گا جبکہ حکومت اور اسکے اتحادیوں کی جانب سے نئے معاہدے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ اس سےپہلے ہونیوالا جنگ بندی کا معاہدہ سرکاری فورسز کی جانب سے حلب پر شدید بمباری کی وجہ سے ناکام ہوگیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق حلب میں باغیوں کی جانب سے شہر میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے نئے معاہدے کا اعلان کیا گیا ہے۔ باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے پر عمل درآمد کرائیں گے۔ دوسری جانب شام کی حکومت اور اسکے اتحادیوں نے باغیوں کے دعوے کے حوالےسے چپ سادھ رکھی ہے۔

اس سے پہلے منگل کو ہونے والا جنگ بندی کا سمجھوتہ ناکام ہو گیا تھا جس کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ روسی حکومت اس سمجھوتے کی بنیادی محرک ہے تاہم معاہدے کے فورا بعد ہی شامی فورسز کی جانب سے شہر پر شدید بمباری کی گئی تھی جس کی اقوام متحدہ کی جانب سے شدید مذمت کی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حلب میں باغیوں پر بے تحاشا بمباری جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہے۔

ذرائع کے مطابق حلب اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پچاس ہزار سے زیادہ شہری ابھی تک پھنسے ہوئے ہیں۔ مغربی طاقتوں کی جانب سے سیٹلائٹ اور ڈرون طیاروں کی مدد سے حلب اور شام کے دوسرے شہروں میں جنگی جرائم کے شواہد اکٹھے  کیے جا رہے ہیں۔ مشرقی حلب پر 2012 سے باغیوں کا قبضہ تھا مگر حالیہ مہینوں میں روسی مدد سے ہونے والی فوجی کارروائی کے نتیجے میں باغی نہایت چھوٹے علاقوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

ادھر ترکی میں سینکڑوں افراد نے ایرانی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین شام میں ایرانی مداخلت کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ امریکہ بھی شام کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے روس، قطر اور ترکی کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطے میں شام کی صورتحال پربات چیت کی۔