Friday, September 20, 2024

عالمی تنظیم کا ویکسین پروگرام کیلئے پاکستان کو خطیر رقم امداد دینے کا اعلان

عالمی تنظیم کا ویکسین پروگرام کیلئے پاکستان کو خطیر رقم امداد دینے کا اعلان
March 5, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ویکسین کے عالمی اتحاد گاوی نے پاکستان کو 84 کروڑ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کر دیا۔ وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کہتی ہیں رقم ویکسین پروگرام کو فعال بنانے پر خرچ کی جائے گی۔ ہر بچے تک ویکسین کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گلوبل ویکسین الائنس(گاوی) کے وفد نے ڈاکٹر انورادھا گپتا کی سربراہی میں وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل سے ملاقات کی اور قومی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کا جائزہ لیا۔ گاوی کی سربراہ ڈاکٹر انورادھا گپتا نے ویکسین کے عالمی اتحاد کی جانب سے پاکستان کو 84 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا۔ رقم ملک بھر کے ویکسین پروگرام کو موثر بنانے پر خرچ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ امدای رقم ویکسین کی خریداری، پسماندہ علاقوں تک ترسیل‘ ویکسی نیٹر کی تربیت‘ علاقائی سنٹرز میں ریفریجریٹرز سسٹم کو فعال بنانے پر خرچ ہو گی۔ وزیر صحت قومی سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ماں و بچے کی صحت کا 10 نکاتی ایکشن پلان تیار کیا ہے جس میں نوزائیدہ بچوں اور حاملہ ماوں کی صحت‘ ماں کے دودھ کی ترجیح‘ زچگی‘ غذائی قلت کے مسائل اور کمیونٹی ہیلتھ شامل ہے۔