Wednesday, November 30, 2022

عالمی بینک کی پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ناکامی کی پیشگوئی

عالمی بینک کی پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ناکامی کی پیشگوئی

اسلام آباد (92 نیوز) عالمی بینک نے ایک بار پھر پاکستان کی اقتصادی ترقی کے ہدف کے حصول میں ناکامی کی پیشگوئی کر دی۔
معیشت کی بہتری کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ عالمی بینک نے پاکستان کےلئے رواں سال کو مشکل قرار دیدیا۔
عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان میں مالی سال کے ابتدائی 6 مہینوں میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں تاہم اس کے باوجود اقتصادی ترقی آئندہ مالی سال بھی اپنے ہدف 6 فیصد تک نہیں پہنچ پائے گی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اقتصادی ترقی کی رفتار ساڑھے 5 فیصد اور آئندہ مالی سال کے دوران 5.8 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان ان ایشیائی ممالک میں شامل ہے جہاں درآمدات میں تیز رفتار اضافہ ہوا اور برآمدات کم ہوئیں۔ مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 1.7 فیصد سے بڑھ کر 4.1 فیصد ہوگیا۔
ادھر عالمی بینک نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے سی پیک کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم بہتری کے باجود پاکستان خطے کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں پھنسے ہوئے قرضوں کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہے۔