عاصمہ رانی قتل کیس کے مرکزی ملزم مجاہد اللہ کو سزائے موت سنا دی گئی
پشاور (92 نیوز) عاصمہ رانی قتل کیس کے مرکزی ملزم مجاہد اللہ کو سزائے موت سنا دی گئی۔ میڈیکل کی طالبہ قتل کیس کے دیگر ملزم شاہ زیب اور صدیق اللہ کو بری کر دیا گیا۔
کوہاٹ میں میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی قتل کیس کا فیصلہ تین سال بعد سنٹرل جیل پشاور میں سنا دیا گیا۔ سیشن جج پشاور اشفاق تاج نے کیس کے مرکزی ملزم مجاہد اللہ پر جرم ثابت ہونے پر سزاء موت سنا دی۔ مجاہد اللہ کو بیس لاکھ روپے معاوضہ اور تین لاکھ جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ عدالت نے دیگر دو ملزموں صدیق اللہ اور شاہ زیب کو کیس میں بری کر دیا۔
ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کی سال سوئم کی طالبہ عاصمہ رانی کو جنوری 2018 میں کوہاٹ میں واقع گھر کے قریب قتل کیا گیا تھا۔ مقتولہ عاصمہ رانی نے حالت نزع میں پولیس کو دیئے گئے بیان میں مجاہد اللہ کو نامزد کیا تھا۔
ملزم مجاہد اللہ کو پولیس نے انٹرپول کے ذریعے متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا تھا۔ مقتولہ کے خاندان کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے کیس کوہاٹ سے پشاور منتقل کر دیا تھا۔