Saturday, September 21, 2024

عائشہ احد نے حمزہ شہباز کیخلاف اغوا کے مقدمے کی درخواست دے دی

عائشہ احد نے حمزہ شہباز کیخلاف اغوا کے مقدمے کی درخواست دے دی
June 4, 2018
لاہور (92 نیوز) عائشہ احد نے حمزہ شہباز کیخلاف اغوا کے مقدمے کی درخواست دے دی جس میں شہبازشریف کے داماد عمران علی بھی نامزد کیئے گئے۔ عائشہ احد کی درخواست لاہور کے تھانہ جنوبی چھاؤنی پولیس نے وصول کر لی۔ عائشہ احد نے درخواست میں کہا کہ حمزہ شہباز نے دھوکے سے عزیز آباد کے ایک مکان میں بلایا۔ حمزہ شہباز اور عمران نے سادہ کاغذات پر دستخط کیلئے مجبور کیا۔ دستخط سے انکار پر مجھے زدو کوب کیا گیا۔ ادھر تھانہ اسلام پورہ پولیس کی جانب سے اندراج مقدمہ کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں مگر کوئی ملزم ہاتھ نہیں آیا ۔ مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم حمزہ شہباز شریف ملک سے باہر جبکہ نامزد ایس ایچ او عتیق ڈوگر، ذوالفقار چیمہ بھی منظر سے غائب  ہیں ۔ اب تک کی پیش رفت سے لگتا ہے کہ پولیس افسر اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کے لئے سرگرم ہیں ۔ ایس ایچ اوعتیق ڈوگرنے کہا کہ میں نے بطور ایس ایچ او مدعیہ کےخلاف قانونی کارروائی کی، اختیارات کا غلط استعمال نہیں کیا، درج ہونے والے پہلے مقدمے میں مجھے بے گناہ قرار دیا گیا تھا،اب بلاوجہ نامزد کیا گیا ہے۔ عائشہ احد نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے مجھ پر تشدد کیا ان کی گرفتاری ضروری ہے ۔ ملزمان کو ضمانت کی مہلت کیوں دی جا رہی ہے۔ عائشہ احد نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس اعلی عدالتوں کے فیصلے ماننے کو تیار نہیں ۔ مجھے دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اگلی حکومت ہماری ہے چھوڑیں گے نہیں۔