Monday, January 17, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

طیارہ حادثہ: پائلٹ نے اپنی جان دیکر گاؤں میں سیکڑوں جانیں بچا لیں

طیارہ حادثہ: پائلٹ نے اپنی جان دیکر گاؤں میں سیکڑوں جانیں بچا لیں
December 8, 2016

اسلام آباد (92نیوز) طیارہ جس علاقے میں گرکر تباہ ہوا اس کے فضائی مناظر نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لئے۔ حادثے کے بعد آگ لگنے سے وسیع علاقہ جل گیا۔ پائلٹ نے گھاٹی پر اتارنے کی کوشش کی تو طیارہ پہاڑ سے ٹکرا گیا۔ پائلٹ نے کمال مہارت سے آبادی کو بچایا، اپنی جان دے کر گاؤں میں سیکڑوں جانیں بچا لیں۔

تفصیلات کے مطابق حویلیاں کے مقام پر پہاڑوں سے ٹکرا کر گرنے والے طیارے کے جگہ جگہ بکھرے ملبے کو ایک جگہ پر اکٹھا کر لیا گیا ہے۔ طیارے کے تباہ شدہ ٹکڑے اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ اس طیارے میں سوار افراد پر کیا قیامت گزری۔ جس پہاڑ سے یہ طیارہ ٹکرایا سرسبز تھا لیکن طیارہ ٹکرانے کے بعد واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ گھاس بھی جل چکی ہے۔

طیارہ گرنے کے بعد مدد کے لئے سب سے پہلے پہنچنے والے لوگوں کی اب بھی بڑی تعداد جائے حادثہ پر موجود ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جہاز ڈگمگاتا ہوا پہاڑی سے جا ٹکرایا۔ جائے وقوعہ پر پہنچے تو سب کچھ جل چکا تھا۔ حادثے کے بعد آگ لگ گئی جس سے پہاڑیوں کا کافی علاقہ جل کرراکھ ہوگیا۔

جائے حادثہ کے قریب آبادی بھی ہے،جس کو پائلٹ نے کمال مہارت سے بچایا۔ پائلٹ نے اپنی جان دے دی مگر آبادی میں سیکڑوں جانیں بچا لیں۔ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ وہاں موجود کئی لوگوں کو بدقسمت مسافروں کے موبائل فون تو ضرور ملے ہیں لیکن جلے ہوئے جو اس المناک سانحے کی داستان سنا رہے ہیں۔