Friday, January 21, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

طیارہ حادثہ: فرانسیسی ٹیم جائے حادثہ کے معائنے کے بعد واپس روانہ

طیارہ حادثہ: فرانسیسی ٹیم جائے حادثہ کے معائنے کے بعد واپس روانہ
December 13, 2016

اسلام آباد (92نیوز) فرانس کی 6رکنی تحقیقاتی ٹیم نے حویلیاں میں طیارہ حادثے کے مقام کا دورہ کیا۔ ٹیم 4گھنٹے تک جہاز کے انجن سمیت دیگر پرزوں کا معائنہ کرتی رہی۔ تصاویر بھی کھینچیں۔ سیمپل جمع کر لئے۔ ٹیم نے جائزہ لیا کہ جہاز کس سمت سے آ رہا تھا اور کن وجوہات پر حادثے کا شکار ہوا۔

تفصیلات کے مطابق 7دسمبر کو چترال سے اسلام آباد جانیوالا پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حویلیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہوا۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق طیارے کا ایک انجن فیل ہوگیا تھا جس کے باعث حادثہ پیش آیا تاہم حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لئے فرانس کے ماہرین کی 6رکنی تحقیقاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔

ٹیم میں اے ٹی آر طیارے بنانے والی کمپنی کا نمائندہ بھی شامل تھا۔ ٹیم نے جہاز کے ملبے کا معائنہ کیا اور انجن سمیت دیگر حصوں کو دیکھا۔ جہاز کس سمت سے آیا اور کن وجوہات کی بنا پر پہاڑ سے ٹکرایا؟ ٹیم نے ان تمام پہلوﺅں کا بھی جائزہ لیا۔ پاکستانی حکام نے فرانسیسی ٹیم کی بھرپور معاونت کی۔

فرانسیسی ٹیم 4گھنٹے تک جائے حادثہ پر موجود رہی اور نمونے اکٹھے کرنے کے بعد واپس اسلام آباد پہنچ گئی۔ فرانسیسی ٹیم کا جائے حادثہ کا یہ پہلا دورہ تھا۔ اسے سخت سکیورٹی حصار میں جائے حادثہ پر لے جایا گیا۔ جائے حادثہ کے اطراف بھی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ میڈیا کے نمائندوں اور مقامی آبادی کو آگے نہیں جانے دیا گیا۔