طویل نشست کے دوران پہلو بدلنا فائدہ مند ہے: طبی ماہرین
لندن (ویب ڈیسک) برطانوی طبی ماہرین نے ایک مطالعہ میں انکشاف کیا ہے کہ بیٹھے بیٹھے بار بار بے چینی سے پہلو بدلنے کی عادت آپ کے لیے قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کر سکتی ہے۔
محققین کے مطابق دیر تک بیٹھے رہنا صحت کے لیے اچھا نہیں ہے۔ طویل نشست سے اموات کے خطرے کا بڑھنا صرف ان لوگوں میں پایا جاتا ہے جو ایک ہی پوزیشن میں زیادہ دیر اپنی نشست پر بیٹھے رہتے ہیں اور کبھی کبھار ہی بے چین ہو کر پہلو بدلتے ہیں۔
برطانیہ میں لیڈز یونیورسٹی اور یونیورسٹی کالج لندن کی طرف سے منعقدہ مطالعے میں 35 سے 69 برس کی 35 ہزار خواتین کی غذا، جسمانی سرگرمیوں کی سطح، دائمی امراض، بے چینی اور صحت کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا۔
محققین نے کہا کہ مطالعے سے ایسے ثبوت ملے ہیں کہ طویل نشست کی عادت صحت کے لیے نقصان دہ ہے اس کے باوجود کہ آپ کتنی ہی فعال طرز زندگی گزارتے ہیں۔
یونیورسٹی کالج لندن سے وابستہ محقق ڈاکٹر گیرتھ ہیگر جانسن کا کہنا ہے کہ ہمارے مطالعے کے نتائج اس خیال کی حمایت کرتے ہیں کہ طویل نشست سے گریز کرنا چاہیے یا پھر یہ غیرضروری ہلنا جلنا بھی آپ کو ایک وقفے کے طور پر فائدہ پہنچا سکتا ہے۔