Tuesday, December 7, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

طلال چودھری توہین عدالت کے مرتکب قرار ، پانچ سال کیلئے نااہل ہو گئے

طلال چودھری توہین عدالت کے مرتکب قرار ، پانچ سال کیلئے نااہل ہو گئے
August 2, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے لیگی رہنما طلال چودھری کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عدالت برخواست ہونے تک کی سزا سنا دی۔ عدالت نے توہین عدالت کے قانون 2003 اور آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت سزا سنائی۔ عدالت کی جانب سے طلال چودھری کو ایک لاکھ روپے جرمانے کا بھی حکم سنایا گیا ۔عدالت کے فیصلے کے مطابق طلال چودھری پانچ سال کیلئے الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دے دئیے گئے۔ طلال چودھری کو انتخابات 2018 میں عوام پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں۔ ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز اور نہال ہاشمی بھی توہین عدالت کیس میں نا اہل ہوچکے ہیں۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 11 جولائی کو طلال چودھری کے وکیل کامران مرتضی اور پراسیکیوٹر عامر رحمان کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔ سپریم کورٹ نے طلال چودھری کی عدلیہ مخالف تقاریر کا نوٹس لیا تھا۔ کامران مرتضی نے دلائل میں اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 204میں توہین عدالت کا نوٹس لینے کا اختیار عدلیہ کو ہے ۔  چیف جسٹس انفرادی حیثیت سے توہین عدالت کا نوٹس نہیں لے سکتے ۔ طلال چوہدری توہین عدالت کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ان کی گفتگو سیاق و سباق سے ہٹ کر نشر کی گئی۔ جسٹس گلزار کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ طلال چوہدری نے اپنے الفاظ سے انکار نہیں کیا ،  انھیں بخوبی علم تھا ۔ جسٹس گلزار نے کہا کہ ان کے  پاس طلال چوہدری کی توہین آمیز تقاریر کا ریکارڈ موجود ہے۔ کامران مرتضی نے کہا کہ پیمرا نے توہین آمیز تقاریر نشر کرنے والے چینلز کو نوٹس جاری نہیں کیا ،  جس پر جسٹس گلزار نے کہا کہ عدالت کا پیمرا کی کارروائی پر انحصار نہیں ہوتا ،پورے پاکستان اور دنیا میں طلال چوہدری کے الفاظ سنے گئے۔ کامران مرتضی نے کہا کہ معاف کرنے سے عدالت چھوٹی نہیں ہو جائے گی ، آرٹیکل 19 آزادی اظہار رائے کی اجازت دیتا ہے  جس پر جسٹس سردار طارق نے کہا کہ آرٹیکل انیس کا مطلب یہ نہیں کہ جو دل کرے بول دو  ، آزادی اظہار رائے اور گالیاں دینے میں فرق ہے۔ جسٹس گلزار نے کہا کہ طلال چوہدری نے ججز کو بت کہا ، ہم بت کب سے ہو گئے ، کیا ججز کو نکال باہر کرنا توہین آمیز نہیں۔ کامران مرتضی نے کہا کہ جڑانوالہ جلسے میں طلال چوہدری کی تقریر سیاسی تھی ،  پراسیکوٹر عامر رحمان نے دلائل میں کہا کہ طلال چوہدری کے خلاف کیس دانیال سے زیادہ سنگین ہے۔