طالبان نے افغانستان کے پانچویں بڑے شہر قندوز پر قبضے کے بعد اپنے قوانین نافذ کر دیئے
کابل (ویب ڈیسک) افغانستان کے پانچویں بڑے شہر قندوز پر قبضے کے بعد طالبان نے اپنے قوانین نافذ کر دیئے۔ ایک چور کے ہاتھ سرعام کاٹ دیئے گئے۔ افغان اور امریکی فورسز نے قندوز کا قبضہ چھڑانے کے لئے حملے شروع کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق دو ہزار ایک کے بعد افغان طالبان نے افغانستان کے ایک بڑے شہر پر قبضے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ قندوز پر قبضے کے بعد افغان طالبان نے اپنے قوانین نافذ کر دیئے۔ ایک چور کے ہاتھ سرعام کاٹ دیئے گئے جبکہ امریکی اور افغان فورسز نے قندوز کا قبضہ چھڑانے کے لئے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
امریکی فورسز نے قندوز پر فضائی حملے کئے۔ افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں ایک سو ساٹھ طالبان مارے گئے۔ افغانستان کی زمینی فوجیں بھی اس کارروائی میں ساتھ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق علاقے میں شدید لڑائی جاری ہے۔ طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو اپنی شکست تسلیم کر لینی چاہیے اور قندوز کے شہریوں کو اپنی جان اور مال کے حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، وہ معمول کے مطابق ہی رہیں۔
دوسری طرف قندوز کے مفرور گورنر محمد عمر صافی تاجکستان سے بھی بھاگ گئے ہیں۔ ان کے لندن پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
افغان ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ قندوز کے صوبائی حکام نے غداری کی ہے‘ ان سب کو سزائے موت دی جائے۔