Friday, December 9, 2022

طارق فاطمی کی امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات،دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

طارق فاطمی کی امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات،دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
واشنگٹن(92نیوز)وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی نے امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی ۔ امریکہ نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا ہےجبکہ افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور آئندہ دس دن میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے امریکی نائب وزیر خارجہ  ٹونی بلنکن سے واشنگٹن میں ملاقات کی، ملاقات میں دہشتگردی کے خلاف جنگ،دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،امریکی نائب وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لئے اہم کردار پر پاکستان کی تعریف کی۔ طارق فاطمی نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو وزیراعظم نواز شریف کی ہمسایہ ملکوں کے ساتھ  بہتر تعلقات کی پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت اور افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔ طارق فاطمی نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو فاٹا میں جاری فوجی آپریشن پر بھی بریفنگ دی۔ دوسری طرف افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نئے دور کی تیاری شروع کر دی ہے اور کہا ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور دس دن میں متوقع ہے۔