ضمنی انتخابات: پولنگ سٹیشنوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائینگے: سیکرٹری الیکشن کمیشن
لاہور (92نیوز) الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراءکی انتخابی مہم میں شرکت کےخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کہتے ہیں بلدیاتی انتخابات میں زائد بیلٹ پیپر زایک فیصد سے زیادہ نہیں چھاپے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس بلدیاتی انتخابات میں غیر جانبدار رہے گی۔ پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے‘ میڈیا کو کوریج سے نہیں روکا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ضمنی اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیرصدارت لاہو رمیں ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب اور آئی جی پنجاب سے سمیت اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔
وفاقی وزراءکی الیکشن مہم میں شرکت پر بھی عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹنگ کا کام فوج کی نگرانی میں کیا جارہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے شفاف انتخابات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فوج پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہو گی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب کا کہنا تھا کہ فیصل آباد‘ اوکاڑہ اور گجرات سے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بڑے سائن بورڈ لگانے والوں کو کل طلب کریں گے۔