ضرب عضب کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانا ہو گا : آرمی چیف کا میونخ میں خطاب
میونخ (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن کے لیے مفاہمتی عمل انتہائی اہم ہے اور پاکستان اس کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے، آپریشن ضرب عضب کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاک افغان سرحد کومحفوظ بنانا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے میونخ میں سنٹرل اینڈ ساوتھ ایشیا سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے پاک افغان سرحد کومحفوظ بنانا ہوگا جبکہ عملی اقدامات کرنا ہونگے۔
پاکستان میں استحکام کے باعث خطے کے ممالک سے اقتصادی تعاون میں اضافہ ہوگا جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے فوائد وسطی ایشیائی ممالک اور افغانستان سے شیئر کیے جا سکتے ہیں اور اس منصوبے سے خطے کے تمام ممالک کو فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے معاشی وسماجی استحکام ضروری ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ کانفرنس میں جنرل راحیل شریف نے پاکستان کی داخلی اور خارجی صورتحال پر روشنی ڈالی اور شرکاءکو پاکستان میں قیام امن کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے مفاہمتی عمل ناگزیر قرار دیا۔