Saturday, July 27, 2024

صیہونی فورسز کیساتھ جھڑپ میں مزید 70 افراد زخمی ہو گئے

صیہونی فورسز کیساتھ جھڑپ میں مزید 70 افراد زخمی ہو گئے
April 1, 2018

 غزہ (92 نیوز) فلسطین میں یوم الارض کے سلسلے میں دوسرے روز بھی مقبوضہ بیت المقدس، بیت الحم سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے ۔ اس دوران صیہونی فوج نے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں برسائیں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے ۔

 فلسطین میں دوسرے روز بھی اسرائیلی بربریت کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ۔ صیہونی فورسز کیساتھ جھڑپ میں مزید ستر افراد زخمی ہو گئے ۔ غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ۔

 دوسری طرف خان یونس اور رفاح میں جمعے کو غزہ بارڈر پر فائرنگ سے شہید ہونے والے سولہ افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔

 شرکا اپنے پیاروں کی یاد میں دھاڑیں مار کر روتے رہے ،تاہم آزادی کا جذبہ متزلزل نہیں ہونے دیا ۔   

 اُدھر امریکا نے غزہ واقعے پر بلایا گیا اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل اجلاس کا اعلامیہ بلاک کر دیا ۔

 مجوزہ اعلامیے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔

 اعلامیہ بلاک کرنے پر فلسطین نے امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔

 فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ سکیورٹی کونسل میں امریکی حمایت کے بغیر اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم کی جرات نہیں کر سکتا ۔