Friday, October 7, 2022

صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے 60سے زائد لیگی ورکر اڈیالہ جیل منتقل

صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے 60سے زائد لیگی ورکر اڈیالہ جیل منتقل
راولپنڈی ( 92 نیوز) راولپنڈی میں کیپٹن (ر) ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے 60 سے زائد  لیگی کارکنوں کو جیل  کی ہوا کھانا پڑ گئی، مقدمات میں نامزد حنیف عباسی، راجہ حنیف اور زیب النساء کی عبوری ضمانتیں منظور کر لی گئیں جب کہ  گرفتاریوں کےخلاف لیگی وکلا نے ضلع کچہری کے سامنے احتجاج مظاہرہ بھی کیا ۔ راولپنڈی  کی تھانہ سٹی پولیس نے لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے 37 کارکنوں کو سول جج منزہ چودھری کی عدالت میں پیش کیا  ، عدالت نے ن لیگ کے کارکنوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دے دیا  ، پولیس ن لیگی کارکنوں کو اڈیالہ جیل  منتقل کردیا ہے۔ تھانہ نیو ٹاؤن پولیس  نے بھی 23 لیگی کارکنان کو سخت سکیورٹی میں علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا ۔عدالت نے تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے۔ گزشتہ رات مختلف تھانوں کی حدود سے 105 لیگی کارکنوں کواٹھایا گیا تھا ، پولیس نے چار سے زائد نامعلوم کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیاتھا۔ ضلعی عدالتوں نے مقدمات میں نامزد لیگی رہنما حنیف عباسی، راجہ حنیف اور زیب النساء کی عبوری ضمانتیں منظور  کرلی ہیں ،  ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر فریقین کو کل کے لیے نوٹس  بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ ن لیگی وکلاء نے  کارکنان کی گرفتاری پر کچہری میں احتجاجی مظاہرہ کیا  ،  وکلاء نے سیشن جج خالد نواز کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مظاہرین کا کہناتھا کہ پولیس ہمارے وکلا اور کارکنوں کو گرفتار کررہی ہے۔