صدیق بلوچ بحال !!! سپریم کورٹ نے این اے 154 میں ضمنی الیکشن روکنے کا حکم دے دیا
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ154 لودھراں میں الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کر دیا اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے صدیق بلوچ کی رکنیت عارضی طورپر بحال کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے صدیق بلوچ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی تھی جس میں انہوں نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے اور اپنی تاحیات نااہلی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے جہانگیر ترین کے وکیل شوکت شہزاد کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے پر اپنے دلائل دے لیکن شہزاد شوکت نے تیاری نہ ہونے کا عذر تراشتے ہوئے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ آپ دلائل دیں‘ فریقین کو سننے کے بعد فیصلہ کر یں گے لیکن شہزاد شیخ کا اصرار تھا کہ انہیں تیاری کے لئے وقت دیا جائے اور سماعت ملتوی کی جائے۔
جہانگیر ترین کے وکیل کی طرف سے دلائل نہ دینے پر عدالت نے صدیق بلوچ کی تاحیات نااہلی اور الیکشن ٹریبونل کافیصلہ معطل کر دیا اور صدیق بلوچ کی رکنیت عارضی طور پر بحال کر دی۔