صدر، وزیراعظم، سیاسی قائدین کا جسٹس (ر) جاوید اقبال کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار
اسلام آباد (92نیوز) صدر، وزیراعظم اور سیاسی رہنماوں سمیت قانون دانوں اور سماجی شخصیات نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، چیئرمین سینیٹ رضاربانی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، راجہ ظفر الحق، عبدالغفور حیدری، لیاقت بلوچ اور دیگر سیاسی رہنماﺅں نے بھی مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ 92 نیوز سے گفتگو میں معروف قانون دان ایس ایم ظفر نے کہا کہ انتقال کی خبر سن کر گہرا صدمہ پہنچا۔ جاوید اقبال عظیم شخصیت تھے۔
جسٹس ریٹائرڈ طارق محمود نے کہا کہ جاوید اقبال ایک زندہ دل آدمی تھے۔ خامیاں بے نقاب کرنے کے بجائے اپنی خامیوں کو ٹھیک کرنے کی تلقین کرتے تھے۔
جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی نے کہا کہ جاوید اقبال انتہائی محبت وطن تھے۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا پر نہیں ہو پائے گا۔