صدر ممنون حسین سے شام اور اٹلی کیلئے نامزد پاکستانی سفرا کی ملاقات
اسلام آباد(92نیوز)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان شام سمیت دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشتگردی کی ہر صورت کا مخالف ہے اور دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے شام میں تباہ کاریاں کی مذمت کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے شام کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر ائیر مارشل ریٹائرڈ اطہر حسین بخاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنھوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ شام کی صورتحال سے متعلق پاکستان کا موقف بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہے جو کہ جنگ کے خاتمہ، پرتشدد کارروائیوں اور شام کی خودمختاری کے احترام سے متعلق ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کے شام کے ساتھ تعلقات کثیر الجہتی اور گہرے ہیں جو کہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان شام کے ساتھ تمام شعبوں میں برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے نامزد سفیر ائیر مارشل ریٹائرڈ اطہر حسین بخاری کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں اٹلی کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر ندیم ریاض نے بھی صدر ممنون حسین سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ اٹلی یورپ میں تیسرا اور عالمی سطح پر پاکستان کا دسواں بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان بے پناہ تجارتی صلاحیت دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں بہت اہمیت کی حامل ہے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ اطالوی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں متبادل اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے راغب کریں کیونکہ اطالوی کمپنیوں کی ہوا، شمسی توانائی اور پانی سے بجلی پیدا کرنے کے شعبوں میں مہارت سے دوطرفہ تعاون کو فروغ مل سکتا ہے۔