Monday, November 29, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

صدر مملکت ممنون حسین سے آسٹریلیا، برازیل، ہولی سی، جرمنی، سعودی عرب، اور دیگر ملکوں کے نامزد سفیروں کی ملاقات

صدر مملکت ممنون حسین سے آسٹریلیا، برازیل، ہولی سی، جرمنی، سعودی عرب، اور دیگر ملکوں کے نامزد سفیروں کی ملاقات
August 22, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) صدر مملکت ممنون حسین سے آسٹریلیا، برازیل، ہولی سی، جرمنی، سعودی عرب، کوریا، ماریشیز، سپین، سنگاپور اور گنی کے نامزد سفیروں نے ملاقات کی اور سفارتی اسناد پیش کیں۔ تمام سفیر بگھی میں بیٹھ کر ایوان صدر کے مرکزی دروازے تک پہنچے۔ اس موقع پر انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور متعلقہ ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ سفیروں نے صدر مملکت ممنون حسین سے علیحدہ علیحدہ ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تمام ملکوں کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور اس عفریت کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں کر رہا ہے۔ جن سفیروں نے صدر مملکت کو اسناد پیش کیں ان میں آسٹریلیا کی سفیر مارگریٹ ایڈمسن، برازیل کے نامزد سفیر کلیڈیو راجا گیباگیلا لنز، ہولی سی کے سفیر غالب موسیٰ عبداللہ بدر، جرمنی کی نامزد سفیر اینا روتھ لوسا لیپل، سعودی عرب کے نامزد سفیر عبداللہ مرزوقی الزہرانی، کوریا کے نامزد سفیر کم تھائے سُپ، ماریشیز کے نامزد سفیر یوسف الہیٰ، سنگاپور کے سفیر اونگ کنگ یون، گنی کے سفیر بنگالے دیکاھابے اور پاکستان کے لیے سپین کے نامزد سفیر کارلوس مورالیز شامل ہیں۔