Wednesday, September 28, 2022

صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس ہوا، عمران خان نے کہا ہے کہ صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ برائے توانائی عمر ایوب، وزیربرائے بحری امور علی زیدی شریک ہوئے۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، متعلقہ وفاقی سیکرٹرز و دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے معاہدوں، بر وقت انتظامی اصلاحات کو پس پشت ڈالے جانے سے نقصان ہورہا ہے، تین سو یونٹس تک استعمال کرنے والوں کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نقصانات پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ترسیل و تقسیم کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کو نظر انداز کرنے سے توانائی کے شعبے میں آج مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ماضی میں اہم امور کو نظر انداز کرنے سے سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیر اعظم بولے کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے۔ کوشش ہے جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔