اسلام آباد(92نیوز)لازوال دوستی کی ایک اور مثال قائم ہوگئی چین کے صدر شی چن پنگ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں نور خان ائر بیس پر عظیم دوست ملک کے عظیم قائد کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔
چینی صدر کا طیارہ نور خان ائر بیس پر گیارہ بجے کے قریب اترا جس کےبعد دوست ملک کے سربراہ کا ایسا استقبال کیا گیا کہ ثابت ہو گیا پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہدسے میٹھی ہے۔
پاک فضائیہ کے طیاروں اور زمینی فورسز نے چینی صدر کے طیارے کو حصار میں لے لیاجس کے بعد چینی صدر طیارے سے اترے جہاں صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف اپنے عظیم دوست کو خوش آمدید کہنے کے لئے تیار کھڑے تھے۔
صدر شی چن پنگ کو بچوں نے پھول پیش کئے اور پاکستان اور چین کے پرچم لہرائے جسے دیکھ کر چینی صدر خوشی سے پھولے نہ سمائے ۔
پاکستان اور چین کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد چینی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اس موقع پرجے ایف تھنڈر طیاروں نے فضائی سلامی دے کر آسمانوں کو بھی دوستی کی نوید سنا دی۔