Saturday, October 1, 2022

پشاور،خودکش حملے میں شہیدہونیوالے ہارون بلور کی تدفین کر دی گئی

پشاور،خودکش حملے میں شہیدہونیوالے ہارون بلور کی تدفین کر دی گئی
پشاور ( 92 نیوز) پشاور میں خودکش حملے میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، نمازجنازہ میں آفتاب شیرپاؤ، سید ظاہرعلی شاہ اور سردارحسین بابک سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، شہید کی تدفین ان کے والد بشیر بلور کے پہلو میں کی گئی ۔ دہشتگردوں نے ایک چراغ اور گل کردیا ، پشاور میں گزشتہ روز خودکش حملے میں شہید ہونے والے اے این پی کے رہنما ہارون بلور کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔ ہارون بلور کی میت وزیرباغ پہنچی تو نمازجنازہ میں شرکت کے لئے عوام کا جم غفیر امڈ آیا ، اسفندیارولی، امیرحیدہوتی، شاہی سید، آفتاب شیرپاؤ، سید ظاہر علی شاہ اور سردار حسین بابک سمیت سیاسی وسماجی رہنما اور عوام کی بڑی تعداد نے نمازجنازہ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ، ہر دل افسردہ اور ہر آنکھ نم نظر آئی، نمازجنازہ میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت دہشتگردوں کی مذموم عزائم میں ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ہارون بلور کی تدفین ان کے آبائی قبرستان میں ان کے والد شہید بشیر  بلور کے پہلو میں کی گئی۔