Friday, September 20, 2024

شہنشاہ غزل کو مداحوں سے بچھڑے 6برس بیت گئے

شہنشاہ غزل کو مداحوں سے بچھڑے 6برس بیت گئے
June 13, 2018
کراچی ( 92 نیوز) شہنشاہِ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے چھے برس بیت گئے، دنیائے موسیقی کے نامور کلاونت گھرانے کے چشم و چراغ نے 6 دہائیوں تک سازوآواز کی دنیا پر راج کیا۔ دُنیائے غزل کے بے تاج بادشاہ مہدی حسن کی آج چھٹی برسی ہے ، ان کا تعلق موسیقی کے کلاونت گھرانے کی سولہویں نسل سے تھا۔ خان صاحب نے گلوکاری کا باقاعدہ آغاز 1952ء میں ریڈیو پاکستان کے کراچی سٹوڈیو سے کیا   اور 1957میں ریڈیو پاکستان ہی سے گائی ایک ٹھمری نشر ہونے کے بعد موسیقار حلقوں کی توجہ حاصل کی۔ مہدی حسن نے 440سے زائدفلموں کے لیے ساڑھے چھے سو سے زیادہ اردو اور پنجابی گیت گائے جبکہ مجموعی طور پر ان کے گائے ہوئے گیتوں کی تعداد 50 ہزار سے زیادہ ہے۔ ان کے زیادہ تر گیت اداکارمحمدعلی مرحوم پر فلمائے گئے، مہدی حسن فلم شریک حیات میں پردہ سیمیں پر بھی جلوہ گر ہوئے۔ مہدی حسن کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی، تمغہ امتیازاور ہلال امتیازسے نوازا گیا۔بھارت میں انہیں سہگل ایوارڈ جبکہ حکومت نیپال نے مہدی حسن کو گورکھا دکشنا بہو کا اعزاز عطا کیا۔ مہدی حسن کا انتقال 13 جون 2012ء کو کراچی میں ہوا، اور وہ وہیں آسودہ خاک ہیں۔