Tuesday, September 27, 2022

شہزادہ ہیری نے ہالی وڈ اداکارہ میگن مرکل سے منگنی کرلی

شہزادہ ہیری نے ہالی وڈ اداکارہ میگن مرکل سے منگنی کرلی

لندن (92 نیوز) برطانوی شاہی خاندان کے چہیتے شہزادے ہیری نے  اپنی دوست میگن مرکل سے باقاعدہ منگنی کرلی۔ دونوں اگلے برس رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔ ملکہ برطانیہ کے پوتے پرنس ہیری برطانوی تاج وتخت کے وارثوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آتے ہیں۔

آنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا اور ولی عہد پرنس چارلس کے چھوٹے صاحبزادے پرنس ہیری اور امریکی اداکارہ میگن مارکل کے درمیان  گزشتہ سال جولائی سے چلتی آرہی دوستی کوعمر بھر کے رشتے میں تبدیل کرنے کا وقت آگیا۔

برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تینتیس سالہ شہزادہ ہیری اور چھتیس سالہ میگن مرکل نے دونوں خاندانوں کی رضامندی سے رواں ماہ کے ابتدا میں باقاعدہ منگنی کی۔ شاہی جوڑا اگلے سال موسم بہار میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائے گا اور شادی کے بعد کنگسٹن پیلس کے ناٹنگھم کاٹیج میں قیام پذیر ہوگا۔  

شہزادے ہیری نے لاکھوں لڑکیوں کا دل توڑنے کے بعد ایک مطلقہ خاتون کو اپنا جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کیا۔ کئی فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی میگن ماٖڈلنگ بھی کرتی رہی ہیں۔

میگن نے دو ہزار گیارہ میں ٹریور انگلسن سے  نو سالہ دوستی کے بعد شادی کی لیکن دو سال بعد ان میں طلاق ہوگئی تھی میگن مرکل فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔