Friday, September 13, 2024

شہر ِقائد میں واٹر اینڈ سیوریج انفرا اسٹریکچر کی تبدیلی ، ورلڈ بینک فنڈڈ پروجیکٹ سُست روی کا شکار

شہر ِقائد میں واٹر اینڈ سیوریج انفرا اسٹریکچر کی تبدیلی ، ورلڈ بینک فنڈڈ پروجیکٹ سُست روی کا شکار
July 1, 2021

اگست 2019 میں شروع ہونے والے 1.6 ارب ڈالر پروجیکٹ کے باقاعدہ کام کا آغاز سوالیہ نشان بن گیا 

کراچی (سینئر تجزیہ کار/ اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کا تباہ حال واٹر اینڈ سیوریج سسٹم کراچی کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب بن چکا ہے ، جگہ جگہ اُبلتے گٹر، سڑکوں، شاہراﺅں، گلیوں اور بازاروں میں کھڑا گندہ غلیظ پانی نہ صرف لوگوں کا لباس بلکہ دل بھی خراب کر رہا ہے، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ہو، بوسیدہ اور ٹوٹی پھوٹی گندے پانی کی نکاس کی لائنیں ہوں یا پھر متعلقہ اداروں سے وابستہ بدعنوانیوں کی خبریں۔۔ پانی اور سیوریج سسٹم سے متعلق صورتحال بدترین نہج پر پہنچ چکی ہے، ایسے میں کراچی کے واٹر اینڈ سیوریج انفرا اسٹریکچرکی تبدیلی سے متعلق (12 سالہ ) ورلڈبینک فنڈڈ پروجیکٹ امید کی ایک کرن بن کر جگمگایا ہے، 1.6 ارب ڈالر کی خطیر مالیت کے اس پروجیکٹ کا آغاز اگست 2019 میں ہوا تھا تاہم واٹر اینڈسیوریج انفرا اسٹریکچر کی تبدیلی سے متعلق کام کا آغاز( تقریباَ) 2 سال گزر جانے کے باوجود بھی عمل میں نہیں آسکا ہے۔

کورونا وائرس تاخیر کا ایک سبب بنا، مطلوبہ ہیومن ریسورس کی بروقت دستیابی بھی مسئلہ ہے ، پروجیکٹ ڈائریکٹر صلاح الدین احمد کا مؤقف 

اس سلسلے میں پروجیکٹ ڈائریکٹر سید صلاح الدین احمد کا اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ پروجیکٹ اپنے جاری سفر کو کامیابی سے طے کرتا ہوا آگے بڑھے تاہم کورونا وائرس کے بعد بننے والے ماحول کی وجہ سے کچھ اہم کام تاخیر کا سبب ضرور بنے ہیں، مطلوبہ ہیومن ریسورس کی بروقت دسیتابی اور دیگر نوعیت کے متعدد چیلنجز کا بھی سامنا ہے، انہوں نے بتایا کہ پروجیکٹ میں کنسلٹنٹس کی ہائرنگ کا اہم ترین عمل جاری ہے، کنسلٹنٹس کے آجانے کے بعد کام کا باقاعدہ آغاز ہو سکے گا۔

کرپشن سے متعلق ایک اہم سوال کے جواب میں صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ پروجیکٹ میں ہونے والے Procurement کے معاملات کو خود دیکھ رہا ہوں، آنے والے وقتوں میں ’’ سروس سینٹرز ‘‘ بھی بنائے جائیں گے، جس سے ہمارا عوام الناس سے براہ راست تعلق اور رابطہ قائم ہوسکے گا اور یہ قدم کام کی شفافیت کے حوالے سے بھی معاون و مددگار ثابت ہوگا۔