Saturday, July 27, 2024

شہر قائد میں دو ہزار کے عوض بندے مارنے والا ٹارگٹ کلر گرفتار

شہر قائد میں دو ہزار کے عوض بندے مارنے والا ٹارگٹ کلر گرفتار
February 11, 2016
کراچی (92نیوز) شہر قائد میں ایک جان کی قیمت صرف 2 ہزار روپے رہ گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں گرفتار گینگ وار کمانڈر ریاست کے اہم کارندے جاوید پنجابی کے چشم کشا انکشافات۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے نے لیاری میں ایک کارروائی کے دوران گینگ وار کمانڈر ریاست کے اہم کارندے جاوید پنجابی کو دھر لیا۔ ملزم جاوید پنجابی نے تفتیشی ٹیم کے سامنے اہم انکشافات کیے۔ ملزم نے اقرار کیا کہ وہ بدنام زمانہ گینگ وار کمانڈر ریاست کے لیے کام کرتا تھا۔ ریاست کے کہنے پر بھتہ نہ دینے والے اور مخالفین کو قتل کردیا کرتا تھا۔ ملزم کوایک شخص کے قتل کرنے پرصرف دو ہزار روپے ملتے تھے۔ ملزم نے بتایا کہ مذکورہ گروہ میں 16 افراد شامل ہیں جن میں سے بعض پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سلطان آغا‘ جمیل جھانکا‘ کامران کامو‘ فضل ڈاڈا‘ انور ہڈی‘ احسن سندھی اور دیگر شامل ہیں۔ ملزم جاوید نے تفتیشی ٹیم کو بتایا کہ سلمان اور زاہد ہڈی کے ساتھ مل کر اس نے ایک شہری خرم ہزار وال کو اغوا کیا اور بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا‘ بعد میں لاش لیاری ندی میں پھینک دی۔ تفتیشی ٹیم نے ملزم جاوید کی نشاندہی پر خواجہ غریب کالونی سے زمین میں دفن بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا جن میں جی تھری، کلاشنکوف کوفیں‘ نائن ایم ایم پستول اور سینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔