Thursday, January 20, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

شہراقتدار میں رواں سال 146افراد قتل، چوری، ڈکیتی کی 1414وارداتیں ہوئیں

شہراقتدار میں رواں سال 146افراد قتل، چوری، ڈکیتی کی 1414وارداتیں ہوئیں
December 26, 2016

اسلام آباد (92نیوز) سال 2016ء کے دوران شہر اقتدار میں 146 قتل اور چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی 1414وارداتیں ہوئیں۔ 704 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں جبکہ مختلف نوعیت کا 282 کلو بارود، 643 ڈیٹونیٹر، ایک خودکش جیکٹ اور 500 میٹر تار بھی برآمد ہوئی۔ بھتہ خوری بھی عروج پر رہی۔

تفصیلات کے مطابق 2016ء بھی اسلام آباد کے شہریوں کےلئے بھاری رہا۔ اس سال بھی جرائم کی شرح کم نہ ہو سکی۔ 146افراد کا قتل ہوا۔ چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی 1414وارداتوں میں شہری نقدی، جیولری اور قیمتی سامان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 704گاڑیاں اورموٹر سائیکلیں بھی چوری ہوئیں۔

سال بھر میں مختلف نوعیت کا 282 کلو بارود، 643 ڈیٹونیٹر، ایک خودکش جیکٹ اور 500 میٹر تار برآمد کرکے 7 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ 341غیرملکیوں کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔ ان میں 319 افغانی، 3نائیجرین، 2 ترکمانستان، 2مصر اور ازبکستان، صومالیہ، چین، روس اور ناروے کا ایک، ایک باشندہ شامل ہے۔

ایک سال کے دوران بھتہ خوری کے 17 مقدمات درج کرکے 42 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 13لاکھ روپے کی جعلی کرنسی برآمد کرکے 13 ملزمان بھی گرفتار کئے گئے۔ 405 سرچ آپریشنز میں 5360مشکوک افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا جبکہ 3250 اشتہاری ملزمان، 1039عدالتی مفرور اور مفرور فوجی بھی گرفتار کئے گئے۔

منشیات فروشی پر 972 ملزمان گرفتارہوئے اوران سے 36 کلو افیون، 45 کلو ہیروئن اور 50ہزار سے زائد شراب اور بئیرکی بوتلیں برآمد کی گئیں۔ ناجائز اسلحہ کے 1202 مقدمات درج کرکے 1229ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 166کلاشنکوفیں اور بندوقیں، 11ہزار 81 پسٹلز اور 24ہزار سے زائد گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

مجرموں کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس میں بھی کالی بھیڑوں کےخلاف کارروائی جاری رہی۔ 2انسپکٹر، 19سب اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کے علاوہ 38دیگر اہلکاروں کےخلاف 46مقدمات درج کئے گئے۔