Saturday, July 27, 2024

بھارتی میڈیا کو نوازشریف کیوں پسند آگیا ہے ، عمران خان

بھارتی میڈیا کو نوازشریف کیوں پسند آگیا ہے ، عمران خان
July 23, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا کو نواشریف کیوں پسند آگیا ، میں نے بھارتی میڈیا کا کیا بگاڑا ہے ، ہندوستان کے اخباروں نے نواز شریف کو مظلوم بنایا ہوا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کو خوش کرنے کیلئے نواز شریف پاکستان کی فوج کو کمزور کرنا چاہت اہے ،  نوازشریف نے  پاکستانی فوج کو ساری دنیا میں بدنام کیا  ، نوازشریف کا بیانیہ بھارت کے مفادات کے مطابق ہے ۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا آج دھاندلی کا رونا رونے والوں کو اگر دھاندلی کا خوف تھا تو کیوں میرے ساتھ دھاندلی کیلئے نہیں نکلے ۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کے چہرے پر خوف طاری ہے ، میں پنجاب کی پولیس کو ٹھیک کر کے دکھاؤں گا، خیبر پختونخوا  میں کسی کو پولیس مقابلے میں نہیں مارا گیا ۔ عمران خان نے کہا کہ  پنجاب کے اسپتالوں میں ایک بستر پر چار چار لوگ پڑے ہیں ،  آپ نے اپنی تقدیر بدلنی ہے تو 25جولائی کو گھروں سے نکلیں اور بلے کو ووٹ دیں ۔ لاہور کا ڈویلپمنٹ بجٹ خیبر پختونخوا  سے تین گنا زیادہ ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے کے پی میں 50 کالج اور 10 نئی یونیورسٹیاں بنائیں جن میں سے ایک انٹرنیشنل لیول کی یونیورسٹی ہے ،ہم نے سوات کا موٹروے بنایااور آنیوالی نسلوں کیلئے ایک ارب 18کروڑ درخت لگائے۔