Tuesday, October 4, 2022

شہباز شریف کے نیب مؤقف کے مطابق تو ہر مجرم کو چھوڑ دینا چاہیے، فیاض چوہان

شہباز شریف کے نیب مؤقف کے مطابق تو ہر مجرم کو چھوڑ دینا چاہیے، فیاض چوہان
لاہور (92 نیوز) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں شہباز شریف نے نیب کو جواب میں جو مؤقف اپنایا، اس کے مطابق تو ہر مجرم کو چھوڑ دینا چاہیے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کرپشن کی ماں آخر کب تک خیر منائے گی، کبھی تو نیب کی چھری کے نیچے آئے گی۔ شہباز شریف کا قرنطینہ 14 دن کا نہیں، 14 سو سال کا بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کورونا کا رونا رو کر نیب پیشیوں سے فرار چاہتے ہیں، ملک کے اپوزیشن لیڈر دو دفعہ کورونا کی آڑ میں نیب پیشیوں سے بھاگ چکے ہیں، کرپٹ ٹولے کے احتساب کا عمل شروع ہو چکا، اب مکمل ہوئے بغیر نہیں رکے گا۔ وزیراطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پر اسی ن لیگ نے عدالت میں کیس کیا، تو وہ عدالت میں پیش ہوئے، تمام کاغذات عدالت میں پیش کئے اور صادق اور امین کہلائے، یہ ایسے کیوں نہیں کرتے، شہباز شریف یہ چاہتے ہیں کہ نیب والے ہاتھ جوڑ کر کھڑے ہوں اور ان سے اجازت طلب کریں کہ کیا ہم آپ سے سوال کر سکتے ہیں۔