Wednesday, October 5, 2022

شہباز شریف کا پٹرولیم لیوی بڑھانے کی تحقیقات کا مطالبہ

شہباز شریف کا پٹرولیم لیوی بڑھانے کی تحقیقات کا مطالبہ
 لندن (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پٹرولیم لیوی بڑھانے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ شہبازشریف نے کہا پٹرولیم لیوی کی مد میں 10 ارب روپے ماہانہ لوٹنے والی حکومت کس منہ سے غریبوں کی بات کر رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود قوم پر یہ ظلم کیاجارہا ہے۔ اس کا حساب دینا ہو گا۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا پٹرولیم لیوی کی آڑ میں قوم سے اربوں روپے اضافی لوٹنے کے معاملے کی پارلیمنٹ میں تحقیقات ہونی چاہئے۔ تحقیقات ہونی چاہئے کہ اوگرا کی ڈیزل میں 12.04 روپے کمی کی تجویز کے باوجود پانچ روپے کمی کی منظوری کیوں دی گئی؟ڈیزل پر 25 ، پٹرول پر 19 روپے سے زائد وصولی اور مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی 105.5 فیصد بڑھانا ظلم کی انتہاء ہے ۔ شہبازشریف نے کہا مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ 2009 کے بعد سے سب سے بلند ترین سطح پر ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ عمران خان مہنگائی کی تلوار سے عوام کو قتل بھی کر رہا ہے، پھر معصوم بننے کا قابل مذمت ڈرامہ بھی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا دونوں ہاتھوں سے قوم کو لوٹنے کے باوجود مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 480 ارب سے زائد کا ریونیو خسارہ ہے ۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 12.4 فیصد کا اضافہ ناقابل برداشت ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے 60 ماہ کے دور میں مہنگائی کبھی ڈبل ڈیجٹ میں نہیں گئی جو آج 14.6 فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے ۔ آٹا، چینی چور حکومت چلا رہے ہوں گے تو غریب کا چولہا جلے گا نہ کاروبار چلے گا۔